نائیک سیف علی جنجوعہ شہید ہلال کشمیر کے 77 ویں یوم شہادت پر افواج پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور افواج پاکستان نے نائیک سیف علی جنجوعہ شہید، ہلال کشمیر کو ان کی بے مثال جرات اور عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے 1948 کی جنگ کے دوران دشمن کی مسلسل پیش قدمی کے خلاف اسٹریٹجک لحاظ سے نہایت اہم پیر کلیوا پوسٹ کے دفاع میں غیر معمولی بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ ان کی لازوال قربانی اور خود سپردگی آج بھی ان تمام جوانوں کے لیے مشعل راہ ہے جو وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ یہ پرعزم موقع نہ صرف نائیک سیف علی جنجوعہ شہید بلکہ ان تمام جری سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرنےکا دن ہے جنہوں نے فرض، قوم اور وطن سے وفاداری کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں۔ اُن کی جرات، حوصلہ اور ایثار ہمارے محافظوں کے لیے رہنمائی کا چراغ ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی احسان مند ہے جن کی قربانیاں ہر پاکستانی کے دل میں فخر، احترام اور ابدی شکر گزاری کے ساتھ ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

